ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کورونا لاک ڈاون کے چلتے کھیل کود کی سرگرمیاں بھی بند، مگر بھٹکل میں ہوا انڈورکرکٹ اسٹڈیم کا افتتاح

کورونا لاک ڈاون کے چلتے کھیل کود کی سرگرمیاں بھی بند، مگر بھٹکل میں ہوا انڈورکرکٹ اسٹڈیم کا افتتاح

Sun, 11 Oct 2020 20:50:32    S.O. News Service

بھٹکل 11اکتوبر (ایس او نیوز) کورونا لاک ڈاون کے  بعد اب آہستہ آہستہ بازار، مارکٹ اور سوپر مارکٹ وغیرہ کھل رہے ہیں، مگر تعلیمی اداروں سمیت اسپورٹس کی سرگرمیاں کھلنی باقی ہے، ایسے میں بھٹکل اسپورٹس اکیڈمی کی طرف سے بھٹکل میں انڈور کرکٹ  اسٹڈیم کا خوبصورت افتتاح عمل میں آیا ہے، جہاں اب کرکٹ ٹورنامنٹ بھی منعقد کئے جاسکیں گے۔

بڑے بڑے شہروں کو چھوڑ کر ریاست میں ایسے انڈور اسٹڈیم  بے حد کم ہیں، لیکن بھٹکل جیسے شہر میں جہاں کرکٹ کے سینکڑوں شیدائی اور کھلاڑی پائے جاتے ہیں، توقع کی  جارہی ہے کہ  جس طرح کرکٹ کے ٹیسٹ میچس سُکڑ کر  ونڈے  میچس عام ہوگئے بعد میں ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ نے عوام کو کرکٹ کا دیوانہ بنادیا اور کم   وقت  میں کرکٹ میچس اختتام کو پہنچنے لگے،  اسی طرح اب کرکٹ کے میدان بھی  سُکڑ رہے ہیں  اور  حالت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ کرکٹ ٹورنامنٹ بھی اب   انڈور اسٹڈیم میں کھیلنا ممکن ہوگیا ہے۔

مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے نائب صدر اور معروف سماجی کارکن  جناب عتیق الرحمن مُنیری کے ہاتھوں گذشتہ روز بھٹکل اسپورٹس انڈورکرکٹ اسٹڈیم کا افتتاح عمل میں آیا۔  ٹی   ایف سی ہوٹل کے بالمقابل SIM Enclave میں منعقدہ انڈور اسٹڈیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف تاجر جناب عتیق الرحمن مُنیری نے اس بات پر نہایت خوشی کا اظہار کیا کہ بھٹکل اکیڈمی کی جانب سے  بھٹکل کے لڑکوں کوبے حد کم عمری میں ہی کرکٹ کی کوچنگ فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود میں بھی آگے بڑھنا چاہئے اور ملک و قوم کا نام روشن کرنا چاہئے، انہوں نے  بھٹکل کرکٹ اکیڈمی کو اپنی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ اس اکیڈمی سے بھٹکل سے اچھے اچھے  کھلاڑی  تیار ہو کر باہر نکلیں گے۔

جے ڈی ایس  لیڈر عنایت اللہ شاہ بندری، مخدومیہ جمعہ مسجد کے خطیب حافظ نعمت اللہ عسکری ندوی اور ڈاکٹر سیام علی اکبرا نے  بھی اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے  نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صحت اور فٹنس کی طرف توجہ دیں اور اپنے بدن کو توانا رکھیں۔

بھٹکل اسپورٹس کے ڈائرکٹر وسیم کے ایم نے سعودی عربیہ کے معروف بھٹکلی تاجر ارشاد صدیقہ کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنی زمین دو سال کے لئے بالکل مفت فراہم کی ہے جس کی وجہ سے وہ یہاں اکیڈمی اور انڈور کرکٹ اسٹڈیم قائم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں،  وسیم نے کہا  کہ جو تعاون ارشاد صاحب کی طرف سے مل رہا ہے، اُسی کی بدولت انہیں بھٹکل میں کوچنگ سینٹر اور اسٹدیم قائم کرنے کی ہمت ملی ہے۔

مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی کی دُعا پر تقریب اختتام کو پہنچی۔

 


Share: